قومی سلامتی داﺅ پر لگانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی :فردوس عاشق اعوان

قومی سلامتی داﺅ پر لگانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی :فردوس عاشق ...
قومی سلامتی داﺅ پر لگانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی :فردوس عاشق اعوان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائیگی ،پاکستان کے تشخص اور قومی سلامتی کو داﺅ پر لگانے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی، وفاقی بجٹ 11جون کو پیش کیا جائیگا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ 11جون کا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائیگا ،وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ بجٹ میں غریبوں پر اثر نہیں پڑنا چاہئے ، بجٹ کے دنوں میں ہمیں اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر بیٹھنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ہمار ی ترجیح معیشت کی بہتری اور بیرونی قرضے ہونگے ، وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں کیلئے 102ارب روپے مختص کئے ہیں، کچھ شرپسند قبائلی علاقوں میں ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ شہید ایف سی اہلکار کے لیے دعا کی گئی، واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ قبائلی افراد کو ورغلا کر جتھے کی شکل میں حملے کے لیے لایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر بیرونی ایما پر شمالی وزیرستان میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور قبائلی علاقے کے امن کو داﺅ پر لگا رہے ہیں۔ پاکستان کے تشخص اور قومی سلامتی کو داﺅ پر لگانے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں قیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے قبائلی علاقوں میں جا کر عوام کو گلے لگایاہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں بچوں کیساتھ زیادتی کے واقعات بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بچوں میں جنسی تشدد کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات اور بچوں کا جنسی استحصال کرنے والوں کو سزائے موت دینے کے لئے موثر قانون سازی کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہامعاشی اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں،پہلے ہم ہر چیز در آمد کرکے استعمال کررہے تھے ۔

مزید : اہم خبریں /قومی


loading...