مسلمان شہری نے حاملہ خاتون کی زندگی بچانے کے لئے اپنا روزہ توڑ دیا، ہر کسی کا دل جیت لیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ماہ مقدس میں ہر مسلمان روزے کی حفاظت کرتا ہے تاہم بسااوقات کچھ ایسی انتہائی صورتحال آ پڑتی ہے کہ کسی کو روزہ توڑنا پڑ جاتا ہے۔ ایسے ہی گزشتہ دنوں بھارت میں ایک مسلمان نے حاملہ خاتون کی زندگی بچانے کے لیے اپنا روزہ توڑ کر ہر شخص کا دل جیت لیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں ساوتری دیوی نامی حاملہ خاتون ہسپتال میں داخل تھی جس کی زچگی میں پیچیدگی آئی اور اسے خون کی اشد ضرورت پڑ گئی۔ جب ہسپتال میں خون کا انتظام نہ ہوا تو ساوتری کے بھائی نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے خون کی اپیل کر دی۔
یہ اپیل اشرف خان کی نظروں سے گزری جو اس وقت روزے سے تھا تاہم اس نے خاتون کی زندگی بچانے کے لیے اپنا روزہ توڑنے کا فیصلہ کیا اور ہسپتال پہنچ کر ساوتری کو خون دے دیا۔اشرف خان کا کہنا تھا کہ ”میں نے فیس بک پر ساوتری کے بھائی کی پوسٹ دیکھی، جس میں لکھا تھا کہ ساوتری کو خون کی فوری ضرورت ہے۔ میں اس ہسپتال کے قریب ہی موجود تھا چنانچہ میں نے پوسٹ میں دیئے گئے فون نمبر پر رابطہ کیا اور وہاں جا کر خون دے دیا۔ “ ساوتری کے بھائی نے فیس بک پر ہی اشرف خان کی اس نیکی کے متعلق بتایا جہاں صارفین اشرف خان کے جذبے کی تعریف کر رہے ہیں۔