آئی سی سی کا بھارت سے ورلڈ کپ میزبانی واپس لینے کا انتبا ہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت کو آئندہ سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بچانے کے لالے پڑ گئے، آئی سی سی نے آئندہ سال میزبانی واپس لینے کی دھمکی دے دی۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی آئندہ سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی، آئی سی سی نے ٹیکس استثنیٰ کے معاملے پر بی سی سی آئی کو میزبانی سے محروم کرنے کی دھمکی دے دی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت کی جانب سے ٹیکس استثنیٰ پر 18 مئی تک غیرمشروط تصدیق فراہم کرنا تھی جس میں وہ ناکام رہا۔ آئی سی سی نے بھارت کو دھمکی دی ہے کہ وہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، بی سی سی آئی نے کرونا کے باعث ڈیڈ لائن میں 30 جون تک توسیع کی درخواست کی تھی جسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مسترد کردیا تھا۔ آئی سی سی نے بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ وہ 2016 کے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے دوران 2018 ٹیکسوں میں کٹوتیوں کی تلافی کرے، بی سی سی آئی کو 23 ملین امریکی ڈالر کی رقم ادا کرنے کو کہا گیا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ٹورنامنٹس کے سرکاری براڈ کاسٹروں، اسٹار ٹی وی نے آئی سی سی کو اپنی ادائیگی سے ٹیکسوں میں کٹوتی کی تھی چونکہ اس کی قیمت عالمی انتظامیہ کو اٹھانا پڑی لہٰذا وہ اب چاہتے ہیں کہ بی سی سی آئی اس کی تلافی کرے۔علاوہ ازیں انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا کوئی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ترجمان آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کے ملتوی ہونے سے متعلق خبریں غلط ہیں،آج 28 مئی کیمیٹنگ میں ورلڈ کپ ٹی 20کے انعقاد سے متلعق غور کیا جائیگا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے حوالے سے جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے۔عالمگیر وبا کورونا کی وجہ سے میزبان ملک آسٹریلیا کی حکومت نے ستمبر کے وسط تک سرحدیں بند رکھنے کا اعلان کررکھا ہے۔