بابراعظم تینوں طرز کی ورلڈرینکنگ میں بہتری کے خواہاں
لاہور(سپورٹس رپورٹر)محدود اوورز کی پاکستانی ٹیموں کے کپتان بابر اعظم تینوں طرز کی ورلڈ رینکنگ میں بہتری کے خواہاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ انفرادی کارکردگیوں پر انحصار کے بجائے بہترین ٹیموں کی تشکیل کریں گے۔مضبوط قومی ٹیموں کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی درجہ بندی قابل قبول نہیں جس کی بہتری کیلئے جلد ہی موثر اقدامات کئے جائیں گے۔کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوجانے پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جب تواتر کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے اس قسم کی صورتحال درپیش ہو تو دل ٹوٹ جاتا ہے لیکن وہ اپنے گھروں پر رہتے ہوئے ہر ممکن طور پر فٹنس اور فارم کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور شائقین کی طرح انہیں بھی کرکٹ کی کمی بری طرح محسوس ہو رہی ہے۔ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتان کا کہنا تھا کہ یہ محض بدقسمتی کی بات ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح وہ بھی دو ماہ سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں تاہم وہ منصوبہ بندی کے مطابق آنے والی کرکٹ کی جانب متوجہ ہیں جس میں کئی ٹیسٹ سیریز کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اہم ترین ایونٹ بھی شامل ہے۔انگلینڈ کے دورے کے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پلاننگ کے مطابق قرنطینہ ہونے کی تیاری کرلی ہے اور انگلینڈ پہنچ کر وہ ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اپنا وقت گزاریں گے کیونکہ انسانی زندگیاں کرکٹ سے کہیں زیادہ قیمتی ہیں اور پی سی بی نے بھی ان پہلوؤں پر نگاہ رکھی ہوئی ہے کہ صحت اور حفاظت کے پیمانوں کی مکمل پاسداری کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بند دروازوں کی کرکٹ کے حامی نہیں کیونکہ پلیئرز کی حوصلہ افزائی کیلئے شائقین کی موجودگی لازمی ہے اور ان سے زیادہ اس بات کو کون محسوس کر سکتا ہے کیونکہ انہوں نے یو اے ای میں دس سال تک اسی طرح اپنی کرکٹ کھیلی ہے۔