کراچی،شدید گرمی میں پانی غائب،لوگ بوند بوند کو ترس گئے
کراچی(خصوصی رپورٹ)شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے تو دوسری جانب گنجان آباد علاقوں میں رہائشیوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔اس حوالے سے شہریوں نے بتایا ہے کہ کئی علاقوں میں نل سوکھ گئے ہیں اور شہری کئی دنوں سے پانی کے بغیر گزارہ کرنے پر مجبور ہیں۔ بعض علاقون مین تو عید کے روز سے ہی پانی نہیں آ رہا۔کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، جہانگیر روڈ، شیریں جناح کالونی،کیماڑی، لیاری اور دیگر علاقوں میں کئی دنوں سے پانی کی قلت ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت گرمی اور حبس میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک طرف لائنوں میں پانی نہیں جب کہ دوسری طرف پانی کے ٹینکرز جتنے چاہے منگوائے جاسکتے ہیں اور شہری پانی کے مہنگے ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں۔جمشید روڈ کے علاقے بلوچ پاڑہ میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج بھی کیا جس کے باعث لیاقت آباد جانے والی سڑک پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پانی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائے تاکہ سخت گرمی اور حبس میں شہریوں کی پریشانی کم ہو۔