پتوکی ٹرین حادثہ، پھاٹک کھلارکھنے کے مرتکب 2گیٹ کیپر اور معاون گرفتار: مقدمہ درج
لاہور (کر ائم رپو رٹر) پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے پتوکی ٹرین حادثہ کے ذمہ داران تین ریلوے کے اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔ ریلوے پولیس نے ریلوے کے تینوں اہلکاروں جن میں دو گیٹ کیپر اور ایک گیٹ میڈ شامل ہیں کے خلاف مقدمات ریلوے لاہور ڈویژن کے ڈپٹی ڈی ایس شاہد عباس کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ کی روشنی میں درج کئے ہیں۔ رپورٹ میں تینوں اہلکاروں کو ٹرین حادثے کا ذمہ دار قرا دیتے ہوئے اس امرکی نشاندہی کی ہے کہ کراچی سے لاہور آنیوالی خیبر میل ایکسپریس جب جائے حادثہ کے قریب پہنچی تو ریلوے پھاٹک پر ٹریفک کے لئے پھاٹک کھلے تھے جن کی لاپرواہی سے خیبر میل ریلوے پھاٹک کراس کرتے ہوئے ایک گاڑی سے جا ٹکرائی۔ کار میں موجود دو خواتین اور دو مرد موقع پر ہی ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔