صوبائی دارالحکومت: ڈکیتی چوری کی متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں کے مال وزر سے محروم
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارلحکو مت میں شہر کے مختلف مقامات میں ڈاکوؤں نے شہریوں کو لاکھوں روپے کی نقدی طلائی زیوارت سے محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن کے علاقے میں نامعلوم چور معاون خصوصی ندیم افضل چن کے بھائی کے گھر سے 4قیمتی سوٹ چوری کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس نے گھریلو ملازم زین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے نامعلوم چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ سندر کے علاقے میں ڈاکو یوسف کی حویلی گھس کر ملازمین کو گن پوائنٹ پر رسیوں کے ساتھ باندھ کر لاکھوں روپے مالیت کی بھینسیں، بکریاں اور موٹرسائیکل لوٹ کر فرار ہو گئے، ڈیفنس کے علاقے میں مسلح ڈاکو گھر میں گھس کر کے ناظم حسین اور اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر5لاکھ70 ہزار مالیت کی نقدی طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ستوکتلہ کے علاقے میں ڈاکو گھر میں گھس کر عبدالمنان اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر5لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گجر پورہ کے علاقے میں 4موٹرسائیکل سوار ڈاکو شاہد اور اس کی فیملی سے گن پوائنٹ پر3لاکھ روپے10ہزار روپے نقدی و زیورات، اچھرہ کے علاقے میں مسلح ڈاکو زمان اور فیملی سے گن پوائنٹ پر2لاکھ20ہزار روپے نقدی و طلائی زیورات، ہڈیارہ کے علاقے میں ڈاکو وقار اور فیملی سے1لاکھ 50ہزارروپے نقدی و طلائی زیورات،شادباغ میں ڈاکو یاسین اور فیملی سے 1 لاکھ 15ہزارروپے نقدی و طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گلشن راوی کے علاقے میں ڈاکو گن پوائنٹ پر علی احمد سے 55ہزار اور موبائل فون،گڑھی شاہو سے ڈاکو اسد رضا سے 80 ہزار نقدی اور موبائل فون، چوہنگ میں آصف سے ڈاکو گن پوائنٹ پر 54ہزار نقدی اور موبائل فون،اسلام پورہ سے ڈاکو گن پوائنٹ پر شجاعت سے 30ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔علاوہ ازیں مانگامنڈی اور پرانی انارکلی سے گاڑیاں اور ہنجروال۔نواں کوٹ اور رنگ محل کے علاقے سے موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔