عید الفطر پر شہری غیر سنجیدہ، ریسکیو 1122اور پولیس ایمر جنسی 15پر غیر ضروری کالزکی بھرمار
لاہور(لیاقت کھرل)عید الفطر پر شہری پولیس ایمرجنسی 15اور ریسکیو 1122 پر کالیں کر کے گپ شپ لگاتے رہے۔عید مبارک اور پارکس چڑیا گھر اور تفریحی مقامات کے بارے معلومات حاصل کرتے رہے۔پولیس ایمرجنسی 15 اور ریسکیو 1122 پر عیدالفطر کے پہلے دوسرے اور تیسرے روز بوگس کالز کا تانتا بندھا رہا ہے۔شہری گھریلو معمولی جھگڑ وں پر بھی پولیس اور ریسکیو 1122 پر کالیں کرکے وقت ضائع کرتے رہے۔جس میں عید الفطر کے تین دنوں میں سب سے زیادہ ریسکیو 1122 پر475بوگس کالز موصول ہوئی ہیں جن کو ریسکیو 1122کی ٹیموں نے ان کالز کو ڈسٹربنس کالز کا نام دے کر داخل دفتر کردیا جبکہ پولیس ایمرجنسی 15پر ہر دس منٹ میں پانچ بوگس کالز ریکارڈ کی گئی ہیں۔پولیس ایمرجنسی 15کے ریکارڈ کے مطابق شہریوں نے عیدالفطر کے موقع پر پولیس ایمرجنسی 15کو انجوائے کے طور پر استعمال کیا ہے اور پولیس ایمرجنسی 15 پر شہری کالیں کر کے پولیس کی ٹیموں کا وقت ضائع کرتے رہے۔جس میں زیادہ تر کالیں تفریح مقامات چڑیاگھر اور پارک کے بارے شہری معلوم کرتے رہے کہ پارک کھلے ہیں یا نہیں۔ اسی طرح ریسکیو 1122 کے ریکارڈ کے مطابق عیدالفطر کے گزشتہ تین دنوں میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں 40 افراد حادثات میں جاں بحق ہوئے جبکہ 30 شہری دریاؤں، نہروں اور نالوں میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے ہیں۔ ریسکیو ایمرجنسی کے ریکارڈکے مطابق پنجاب میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران 6349 حادثات رونما ہوئے جس میں 6400 شہری زخمی اور40 افراد جاں بحق ہو ئے ہیں۔ریسکیو 1122 نے پنجاب بھر میں عیدالفطر کے گزشتہ دو روز 1329 روڈ حادثات پر سروس مہیا کی جبکہ گزشتہ دو دنوں میں 27 افراد ٹریفک کے مختلف حادثات میں جاں بحق ہو گئے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق ریسکیو 1122 نے عیدالفطر کے تین دنوں میں پنجاب بھر 24 گھنٹے سروس مہیا کی ہے۔ڈی جی ریسکیو کے مطابق شہریوں کی زیادہ تر کالیں بوگس تھیں جس سے شہریوں کو اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ اس سے ریسکیو ٹیموں کا وقت ضائع ہوتا ہے جبکہ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ شہر میں پولیس ایمرجنسی 15 پر بوگس کالیں کرنے پر 300 سے زائد شہریوں کو وارننگ دی گئی ہے۔ تاہم اس میں پولیس سروس سے متعلقہ کالوں پر شہریوں کو مدد فراہم کی گئی ہے۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہری پولیس ایمرجنسی 15پر بوگس کالز سے اجتناب کریں تاکہ پولیس ایمرجنسی کی صورت میں درست کالز کرنے والے شہریوں کی مدد کی جا سکے۔
بوگس کالز