کاروبار کو نئے رجحانات کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے،میاں زاہد

  کاروبار کو نئے رجحانات کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے،میاں زاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین،پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں پہلی بار لاک ڈاؤن کا تجربہ کیا گیا ہے جس کے بعد صارفین کی عادات اورترجیحات میں تبدیلی آئی ہے اور کاروباری برادری کو نئے رجحانات کے مطابق ایڈجسٹ کرنا ہو گا۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں عوام تقریباً دو ماہ تک لاک ڈاؤن برداشت کر چکی ہے اور اس میں مزید توسیع کا امکان ہے تا ہم ضرورت اس چیز کی ہے کہ ایس او پیزکی پابندی کے ساتھ تمام ما رکیٹوں، کاروباروں،دفتروں، بینکو ں اور چھوٹی بڑی صنعتوں کومکمل طور پر24گھنٹے اوقات کا ر کی بنیاد پرکھولا جائے تا کہ عوام کی معاشی مشکلات دور ہوں اور حکومت کو ریونیو کی کمی کا جو سامنا ہے اس کا تدارک ہو سکے۔ پاکستانیوں کو بھوک سے مرنے یا بیماری سے مرنے کی بجائے ایک ذمہ دار قوم کی طرح ایس او پیزکی پابندی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ ترکاروبار بند رہے جبکہ عوام کو زبردست مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس سے انھیں بچت کی اہمیت کا اندازہ ہوا ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران زیادہ ترافراد نے صرف اہم ضروریات زندگی پر اخراجات کئے اور لاک ڈاؤن کے مستقل طور پر ختم ہونے کے بعد بھی عوام پہلی جیسی شاپنگ اور فضول خرچی نہیں کرے گی بلکہ برے وقت کے لئے بچت کو ترجیح دیگی جس سے بہت سے کاروبار متاثر ہونگے۔