مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی جانب سے تلاشی اور تشدد کی کارروائیاں جاری
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مختلف علاقوں میں محاصرے اورتلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارتی پولیس نے ایک اور کشمیری صحافی کو ہراساں کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے علاقوں اکہال، درب گام، نکلورہ، ملک پورہ، دالی پورہ اور مارگی کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے یہاں گھر گھر تلاشی کی کارروائی عمل میں لائی۔ فوجیوں نے ضلع کولگام کے گوفہ بل اور اسکے ملحقہ علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ سوپور کے علاقے بادام باغ اور کپواڑہ کے علاقے زونہ ریشی میں بھی تلاشی کی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ بھارتی فوجیوں نے سرینگر سے ایک نوجوان وسیم احمد گنائی کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثنابھارتی پولیس نے سینئر کشمیری صحافی اور روزنامہ اخبار”گڈ مارننگ کشمیر“ کے مالک جاوید احمد شاہ کو سرینگر میں ہراساں کیا۔ جاوید احمد شاہ کے مطابق انہیں خانیار علاقے کے ایس ایج او کی قیادت میں پولیس پارٹی نے سخت ہراساں کیا اور تذلیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پارٹی نے کمشنر سرینگر کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ کارڑ کو بھی مسترد کر دیا اور انکا موبائل فون ضبط کر کے اس میں موجود تصاویر ڈیلیٹ کر دیں۔
مقبوضہ کشمیر