بھار ت کی چین سے رسہ کشی کا اصل مقصد پاکستان کو نقصان پہنچا نا ہے: عبد العلیم خان
لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بھارت کی چین سے رسہ کشی کا اصل مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے کیونکہ مودی سرکار کو پاک چائنہ دوستی ہضم نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہا کہ خطے میں چوہدراہٹ کا خواب دیکھنے والے ہندو بنیے کو چین سے منہ کی کھانا پڑی ہے اوراُسے جارحیت کی کوشش کا درست جواب ملا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارت کے دانت کھٹے ہوئے اور ایک مرتبہ پھر اُسے سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی تو انڈیا کو منہ توڑ جواب ملے گا۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ افواج پاکستان اپنے وطن عزیز کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور اگر وقت آیا تو دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھارت کے خلاف شروع دن سے ہی دو ٹوک موقف رکھتے ہیں اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر بھارتی ظلم و ستم کو بے نقاب کیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ جمہوریت کے نام لیوا مودی کے ارادے کبھی بھی اچھے نہیں رہے، سیکولرازم کا راگ الاپنے والوں کی عدم براشت کھل کر سامنے آگئی ہے اور کشمیر میں عید الفطر کے دوران بھی بھارتی مظالم کم نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور چین کے ساتھ بھارت کی بلا جواز کشیدگی پر سخت رد عمل ہونا چاہیے۔عبدالعلیم خان نے لداخ میں چین اور بھارت کے مابین سامنے آنے والی رپورٹوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ایک مرتبہ پھر ہزمیت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور بہتری اسی میں ہے کہ مودی اور اُن کے حواری دوسرے ملکوں سے محاذ آرائی کی بجائے اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دیں اور بھارت کے عوام کی کسمپرسی اور غربت کو دور کریں۔
عبدالعلیم خان