پی آئی اے طیارہ حادثہ، وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی آئی اے طیارہ حادثے پر اہم اجلاس جاری ہے ، اجلاس میں عمران خان کو طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی آئی اے طیارہ حادثے پر اہم اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس میں وفاقی وزراء، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے اعلی حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائے گی اور اب تک کی جانے والی تحقیقات اور زخمیوں کو فراہم کردہ سہولیات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں جاںبحق ہونے والوں کے لواحقین کی امداد کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی اور ایسے واقعات پر آئندہ کے لیے حکومتی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔