بھارت لداخ کھو چکا، کشمیر جلد آزاد ہوگا: سینیٹر مشاہد اللہ خان
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے 28 مئی یومِ تکبیر کے حوالے سے آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی، ادبی اور مذہبی جماعتوں کے ارکان نے بھرپور شرکت کی جبکہ دنیا بھر سے لیگی ورکرز بھی شریک ہوئے.
آن لائن کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے اور عالمی امن کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہتا ہے، 28 مئی ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے، بھارت اگر ایٹمی دھماکے نا کرتا تو ہم کسی صورت دھماکے نا کرتے مگر نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن قائم کر دیا جبکہ بھارت آج بھی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر کے اور پاکستان کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزی کرکے امن کو خراب کر رہا ہے مگر عالم برادری کی جانب سے اسکا نوٹس نہیں لیا جا رہا، عالمی طاقتوں کی جانب سے دنیا میں ناانصافی کا نظام قائم کیا گیا ہے انہیں مظلوم کشمیریوں کی آواز سنائی نہیں دیتی، بھارت لداخ کا علاقہ کھو چکا ہے اور قدرت آزادی کشمیر کی راہ ہموار کر رہی ہے.
سینٹر مشاہد اللہ خان نے موجودہ پی ٹی آئی گورنمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستان کو مسائل میں جکڑ کر رکھ دیا ہے عمران خان کو محض وزیراعظم بننے کا شوق تھا نہ کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کا کوئی شوق ہے، وہ اپوزیشن کو سیاسی مخالف نہیں بلکہ اپنا دشمن سمجھتے ہیں اور سیاسی انتقام کی سیاست کر رہے ہیں جس سے سیاسی انتشار پیدا ہو رہا ہے، عمران خان سیاسی میدان میں ایک کٹھ پتلی ہے اس سے زیادہ اسکی کوئی حیثیت نہیں ہے اس نے سیاست میں جھوٹ اور الزامات کی بنیاد رکھی ہے جس سے ہمارے معاشرے میں بھی بگاڑ پیدا ہوا ہے.
ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے جواب میں مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ یہ درست نہیں ہے کہ مسلم لیگ ن اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کر رہی ہے مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو ساتھ لیکر چل رہی ہے مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ کو نیب گردی کے ذریعے جیلوں میں بند کیا جاتا ہے اور اب بھی اسکا سلسلہ جاری ہے کہ ہم ووٹ کو عزت دو کے بیانیے سے پیچھے ہٹ جائیں مگر ہم کسی صورت پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں اور وہ پارٹی بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں.
کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس قدرتی ہے یا انسانی غلطی دونوں صورتوں میں کسی امتحان سے کم نہیں ہے ہمیں ملکر اس سے لڑنا ہے حکومت کے گوں نا گوں جیسے فیصلوں کی وجہ سے کورونا وائرس زیادہ پھیلا اور ان کی جانب سے جو انتظامات کیے گئے وہ سب سے بڑھ کر سوالیہ نشان ہیں کورونا وائرس نے حکومتی کرپشن کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے اس حکومت کی پالیسی صبح کچھ اور شام کو کچھ ہوتی ہے جس سے عوام کے اندر حکومت اعتماد کھو چکی ہے اور جلد ان سے چھٹکارے کی خواہشمند ہے.
آن لائن لائن کانفرنس سے مسلم لیگ ن ریاض کے صدر خالد اکرم رانا، زاہد لطیف سندھو، خادم بجاڑ، راجہ یعقوب، رانا خادم، مرزا منیر بیگ اور دیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا.