سعودی عرب میں کورونا وائرس سے تقریباً 2500 پاکستانی متاثر ہوئے: سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 2500 کے قریب ہے جبکہ 100 سے کم پاکستانی وباء کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کیمونٹی کے مخیر حضرات کے تعاون سے ورکرز کو راشن پہنچایا جا رہا ہے.
سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی ڈاکٹر، سیاسی عمائدین، سماجی رہنماؤں اور دیگر افراد کے ساتھ آن لائن کانفرنس میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کے حالات کو تبدیل کیا ہے اور پوری دنیا مشکلات کا شکار ہے ہماری کوشش ہے کہ ایسے تمام پاکستانیوں کو قومی ائیر لائن خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان بھیجا جائے جن کی ملازمت ختم ہوچکی ہے یا انہیں کسی ایمرجنسی درپیش ہے اسکے علاوہ سعودی عرب میں مقیم 2500 کے قریب پاکستانی کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 100 کے قریب افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ دیگر امراض میں مبتلا پاکستانیوں کی اموات ہوئی ہیں، تاہم تمام افراد کی میتیں پاکستان منتقل کرنا ممکن نہیں ہے.
آن لائن کانفرنس میں شریک مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا کہ وہ پہلے کی طرح اب بھی سفارت خانہ پاکستان کے ساتھ مل کر ورکرز کو راشن پہنچانے اور دیگر خدمات کو سرانجام دیتے رہیں گے تاہم حکومت پاکستان کو قومی ائیر لائن کی پروازوں کو بڑھانا چاہئیے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد وطن واپس لوٹ سکیں.