پاکستان کا وہ بڑا شہر جہاں سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے کورونا وارڈ مریضوں سے بھر گئے
کراچی(ویب ڈیسک) شہر قائد کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں قائم کورونا وارڈز مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں جیسے جیسے کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ویسے ویسے سرکاری ہسپتال بھی بھرتے جارہے ہیں، کراچی کے کئی سرکاری اور نجی ہسپتالوں نے کورونا کے مزید مریض داخل کرنے سے معذرت کرلی ہے اور ہسپتال انتظامیہ کورونا کے مریضوں کو واپس بھیجنے پر مجبور ہوگئی ہے۔
اس وقت سول ہسپتال میں 58 بیڈز اور 12 وینٹی لیٹرز پر مریض زیر علاج ہیں، ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس 15 وینٹی لیٹرز اور 50 بیڈز پر مریض زیر علاج ہیں، اسی طرح انڈس ہسپتال میں 28 بیڈز اور 15 وینٹیلیٹرز پر مریض زیر علاج ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں سندھ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور یہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 206 ہوگئی ہے۔