سعودی عرب میں مقیم ویزہ رکھنے والے غیرملکی افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

سعودی عرب میں مقیم ویزہ رکھنے والے غیرملکی افراد کے لئے بڑی خبر آگئی
سعودی عرب میں مقیم ویزہ رکھنے والے غیرملکی افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے کورونا کرفیو اور پروازوں کی بندش کے باعث مملکت میں مقیم سیاحوں کے ویزوں میں ازخود تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے غیر ملکی سیاحوں کی بڑی مشکل آسان کردی، اس حوالے سے سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے مملکت میں موجود سیاحتی ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے ویزوں میں تین ماہ کے لیے خود کار توسیع کردی گئی ہے۔
جوازات کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے سیاح جو کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کے باعث مملکت سے روانہ نہیں ہو سکے ان کے ویزوں کی مدت میں بغیر کسی فیس کے 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کا کہنا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے وہ افراد جو مملکت میں مقیم ہیں اور واپس نہیں جاسکے انہیں اپنے ویزوں میں توسیع کے لیے جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے ویزوں میں خودکار طور پر توسیع کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے بعد مارچ کے دوسرے ہفتے سے پروازوں پر مرحلہ وار پابندی عائد کردی گئی تھی جس کی وجہ سے سعودی عرب سے جانے والے اور یہاں آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے مرحلہ وار خصوصی پروازیں جاری کی ہوئی ہیں جن کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں فروغ سیاحت کے لیے گزشتہ برس جامع نظام مرتب کیا گیا تھا جس کے تحت مختلف ممالک کےشہریوں کو آن آرائیول بھی سیاحتی ویزوں کا اجرا شامل ہے۔دوسری جانب کرونا وائرس کے باعث پروازوں پر عائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے غیر ملکی جو اپنے وطن جانا چاہتے ہیں کی واپس کے لیے خصوصی منصوبہ بھی جاری ہے جسے عودہ کا نام دیا گیا ہے۔

مزید :

عرب دنیا -