نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے مختص اراضی پر بھی قبضہ ہوگیا

نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے مختص اراضی پر بھی قبضہ ہوگیا
نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے مختص اراضی پر بھی قبضہ ہوگیا

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)تحصیل شالیمار کے پٹوار سرکل ہربنس پورہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے مختص کی جانے والی سرکاری اراضی پر قبضہ، لینڈ مافیا نے پختہ تعمیرات کے لئے دن رات ایک کردی۔ محکمہ ریونیو کا سٹاف اور افسران سرکاری اراضی پر کیے جانے والے قبضے سے تاحال بے خبر نظر آئے۔

روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق پٹوار سرکل ہربنس پورہ میں نیا پاکستان ہاو¿سنگ سکیم کیلئے مختص کی جانے والی سرکاری پانچ کنال سے زائد اراضی پر بااثر افراد نے قبضہ کرتے ہوئے پختہ تعمیرات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ صوبائی حکومت کی اس سرکاری اراضی کا خسرہ 1377 بتایا جارہا ہے اور اس پر اس وقت ایک کمرشل مارکی تیار کی جارہی ہے۔ لینڈ مافیا کے قبضے میں جانے والی اس سرکاری اراضی کی مالیت پندرہ کروڑ سے زائد بتائی جارہی ہے۔

روزنامہ پاکستان نے سرکاری اراضی پر کیے جانے والے قبضے اور پختہ تعمیرات کی فوٹیج اور تصاویر بھی حاصل کرلی ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ روزنامہ پاکستان کی اس نشاندہی کا فوری نوٹس لیا جائے گا اور سرکاری اراضی پر قبضہ کرنیوالوں کے خوف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سرکاری اراضی کو ہنگامی بنیادوں پر وا گزار کروایا جائے گا۔سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت نہیں ہونے دیا جائے گا۔سرکاری اراضی کی تحفظ کے لئے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید :

رئیل سٹیٹ -علاقائی -پنجاب -لاہور -