نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی مالی خسارے تلے دب گیا، کتنے فیصد ملازمین نکالنے کا فیصلہ کر لیا؟ افسوسناک خبر آ گئی
ویلنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی مالی خسارے تلے دبنے لگا جس نے مشکل وقت میں ملازمین کی قربانی کا فیصلہ کر لیا ہے اور ممکنہ مالی بحران کی وجہ سے 15 فیصد سٹاف فارغ کر دیا جائے گا جبکہ آپریٹنگ اخراجات میں کمی سے بھی 6 ملین ڈالر بچائے جائیں گے، کھلاڑیوں اور کوچز کے معاوضوں میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی آخر کار کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر اپنے 15 فیصد سٹاف کو فارغ کرنے سمیت آپریٹنگ اخراجات میں کمی سے 6 ملین ڈالر بچانے کا فیصلہ کیا ہے، بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ گزشتہ روز اس پلان سے متعلق این زیڈ سی کے 80 سٹاف ممبران کو مطلع کردیا گیا ہے، اس سے ہمیں صوبائی اور ڈسٹرکٹ لیول پر کھیل کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی، ہم نے اس سال کھیل کے فروغ کیلئے جو اپنی ترجیحات طے کی تھیں ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صرف 15 فیصد سٹاف کو فارغ کرنے سے ہمیں 1.5ملین ڈالر کی بچت ہوگی جبکہ باقی رقم اخراجات میں کمی کرکے بچائیں گے۔ انہوں نے واضح کیاکہ نیشنل مینز اور ویمنز ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچز کے معاوضے میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی، کھلاڑیوں کے سالانہ مشاہرے بھی متاثر نہیں ہوں گے۔ ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ اگرچہ حکومت نے اب لاک ڈاﺅن میں نرمی کردی ہے مگر جاری مالی سال کے دوران جو نقصان پہنچااس کی تلافی کیلئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔