’2مہینے بعد ابھی بھی سینے میں یہ چل رہا ہے‘ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے صحافی کا انتہائی پریشان کن انکشاف
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کے صحت مند ہونے والے مریضوں کی ایسی ایسی کہانیاں آئے روز سامنے آرہی ہیں کہ سن کر ہی آدمی پریشان ہو جائے۔ اب کوروناوائرس میں مبتلا ہونے والے سی این این کے ایک صحافی نے بھی پریشان کن کہانی سنا دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 49سالہ کرس سومو نامی اس صحافی کو مارچ میں وائرس لاحق ہوا اور اپریل کے آغاز میں صحت مند ہونے پر اسے گھر بھیج دیا گیا لیکن اس کا کہنا ہے کہ صحت مند ہونے کے دو ماہ بعد بھی وہ مکمل طور پر صحت مند نہیں ہوا اور پھیپھڑے تاحال ایسے محسوس ہوتے ہیں جیسے انہیں کوئی سنگین عارضہ لاحق ہو۔
کرس سومو کا کہنا تھا کہ ”کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے اکثر مریضوں کے پاس اپنی عجیب و غریب کہانیاں ہوتی ہیں اور میں بھی انہی میں سے ایک ہوں۔ میرے پھیپھڑوں میں اور سینے میں مجھے ایسا عجیب سا احساس رہتا ہے جیسے میں بیمار ہوں۔ میرا دوران خون بھی تاحال مکمل ٹھیک نہیں ہوا اور ڈاکٹروں کے پاس میرے ان عجیب و غریب سوالوں کا کوئی جواب نہیں ہے۔ میں صحت مند ہوں، کام کر سکتا ہوں اور فیملی کے ساتھ وقت گزار سکتا ہوں لیکن دو ماہ گزرجانے پر بھی مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں سو فیصد صحت مند نہیں ہوں۔“