فرسٹ کلاس کرکٹرز کو امداد کا وعدہ تاحال وفا نہ ہو سکا مگر وجہ کیا بنی اور رقم کب تک ادا کر دی جائے گی؟ سب کچھ سامنے آ گیا

فرسٹ کلاس کرکٹرز کو امداد کا وعدہ تاحال وفا نہ ہو سکا مگر وجہ کیا بنی اور رقم ...
فرسٹ کلاس کرکٹرز کو امداد کا وعدہ تاحال وفا نہ ہو سکا مگر وجہ کیا بنی اور رقم کب تک ادا کر دی جائے گی؟ سب کچھ سامنے آ گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) فرسٹ کلاس کرکٹرزکو امداد کا وعدہ وفا نہ ہو سکا جبکہ امپائرز اور گراﺅنڈ سٹاف بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے رقم کا انتظار کرتے رہ گئے ہیں اور سب ہی گلہ شکوہ کرنے میں مصروف ہیں۔ بورڈ کا موقف ہے کہ گراﺅنڈ سٹاف درخواستوں میں تاخیر اور بینک تعطیلات کی وجہ سے رقم بروقت منتقل نہ ہوسکی،162درخواستیں منظور ہوچکیں، 5 روز میں سب کو ادائیگی کردی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے 3مئی کو جاری کردہ پریس ریلیز میں کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا شکار بے روزگار فرسٹ کلاس کرکٹرز، امپائرز، سکوررز اور گراﺅنڈ سٹاف کو امداد دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس کیلئے 2015ءسے 2019ءتک کم ازکم 15فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے کرکٹرز، گزشتہ 2سال میں خدمات سرانجام دینے والے امپائرز اور سکوررز، 8سال کی ملازمت کے بعد ریجنل ایسوسی ایشنز ختم ہونے کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے گراﺅنڈ اسٹاف کو اہل قرار دیا گیا تھا۔

بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ ہر کرکٹر کو 25 ہزار، امپائر کو 15 ہزار جبکہ سکورز اور گراﺅنڈ سٹاف کو 10، 10 ہزار روپے فی کس ادا کئے جائیں گے جبکہ صرف ایک بار دی جانے والی یہ رقم وصول کرنے کیلئے ضرورت مندوں کو تک 4 سے 14 مئی تک welfare@pcb.com.pk پر رابطہ قائم کرنے کاکہا گیا تھا،اس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ عیدالفطر تک پی سی بی کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کیلئے کافی وقت مل جائے گا،یہ بھی بتایا گیا تھا کہ امداد حاصل کرنے والوں کے نام ظاہر نہیں کئے جائیں گے تاہم بورڈ کا یہ وعدہ تاحال وفا نہیں ہو سکا۔

گزشتہ روز چند کرکٹرز اور امپائرز نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں گلے شکوے کرتے ہوئے بتایا کہ عید گزر گئی مگر وعدے کے مطابق رقم موصول نہیں ہوئی، اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے پی سی بی کے ترجمان نے کہاکہ گراﺅنڈ سٹاف کے بیشتر لوگ طریقہ کار نہ سمجھنے کی وجہ سے بروقت درخواستیں جمع نہیں کرا سکے جنہیں 19مئی تک موقع دیا گیا لیکن ابھی کارروائی جاری تھی کہ بینک تعطیلات بھی ہوگئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 16 کرکٹرز، 20 امپائرز، 31 سکوررز اور94 گراﺅنڈ مین اور ایک میچ ریفری سمیت 162 افراد کی درخواستیں منظور ہوچکی ہیں اور انہیں اس کی اطلاع بھی کردی گئی ہے، نئی صورتحال کا سامنا کرنے کے بعد عید کی تعطیلات ختم ہونے کے 5روز میں سب کو رقم بھجوانے کا وعدہ کیا تھا جو پورا ہو گا، اور جن کے جن کے اکاﺅنٹ نمبرز نہیں مل سکے انہیں چیک دیدئیے جائیں گے۔

مزید :

کھیل -