آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کی امیدیں دم توڑنے لگیں، شائقین کیلئے افسوسناک خبر

آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کی امیدیں دم توڑنے لگیں، شائقین کیلئے ...
آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کی امیدیں دم توڑنے لگیں، شائقین کیلئے افسوسناک خبر

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں تاہم اس سے متعلق حتمی فیصلہ جمعرات یا جمعہ کو متوقع ہے۔ ویڈیو لنک پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ میٹنگ میں کرکٹ برادری حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے گی مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ کے انعقاد سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک پر آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول میگا ایونٹ کے مستقبل پر غور کیا جائے گا،کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلوی حکومت نے ستمبر کے وسط تک سرحدیں بند کر رکھی ہیں۔اگر حالات بہتر ہونے پر پروازوں کی اجازت مل گئی تب بھی کئی سوالات کے جواب آئی سی سی اور میزبان بورڈ کرکٹ آسٹریلیا کو تلاش کرنا ہوں گے، دیکھنا یہ ہوگا کہ اس وقت آسٹریلوی حکومت 16ملکوں کی ٹیموں کو آنے کی اجازت دیتی ہے یا نہیں، لاک ڈاﺅن ختم کئے جانے کے بعد قرنطینہ کیلئے کیا قانون متعارف کرایا جاتا ہے،کیا میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کے اپنے ملکوں میں اس وقت کے حالات انہیں سفر کی اجازت دیں گے، سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگر تمام مسائل کا حل تلاش کرلیا جاتا ہے تو کیا آسٹریلین کرکٹ بورڈ ایک ماہ میں تمام 16ٹیموں کے بائیو سیکیور ماحول، ہوٹل میں قرنطینہ، سفر اور قیام و طعام کیلئے انتظامات کو یقینی بنا سکے گا۔

واضح رہے کہ قرنطینہ کے پیش نظر ٹیموں کو ستمبر کے آخری ہفتے میں آسٹریلیا پہنچ جانا چاہیے تاکہ 18اکتوبر تک متعدد بار کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں اور شکوک دور کرنے کیلئے وقت مل سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خدشات کو دیکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آئندہ سال فروری تک ملتوی کئے جانے پر بات ہو چکی،البتہ بھارت اور آسٹریلیا کی سیریز اور پھر آئی پی ایل سے متصادم ہونے کے سبب یہ شیڈول مسترد کیا جا سکتا ہے، ٹی 20 ورلڈکپ اور آئی پی ایل کا براڈ کاسٹر ایک ہی ہے اور اس کی بھی بھارتی لیگ کے انعقاد میں دلچسپی زیادہ ہوگی۔

بھارت نے ٹی 20 ورلڈکپ 2021ءکے بجائے 2022ءمیں کرانے پر حامی نہ بھری تو آسٹریلیا کو ملتوی کردہ ایونٹ کی میزبانی اکتوبر 2022ءمیں کرنا پڑے گی کیونکہ اس سال کوئی اور آئی سی سی ایونٹ شیڈول نہیں ہے جبکہ کھلاڑیوں کی دستیابی کا بھی مسئلہ نہیں ہوگا اور گیٹ منی سمیت بھاری آمدنی کی بھی توقع ہو سکتی ہے، رواں سال نومبر اور دسمبر میں آئی پی ایل کرانے کیلئے کوشاں بھارتی بورڈ کی خواہش ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہوجائے، اس حوالے سے بی سی سی آئی عہدیدار اور سابق کرکٹرز مسلسل بیانات دے رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک آفیشل نے کہا کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں ٹی 20 ورلڈکپ کے التواءکا فیصلہ ہونے کا قوی امکان ہے، دیکھنا یہ ہے کہ باضابطہ اعلان ہوتا ہے ہیں یا نہیں، حالات میگا ایونٹ کیلئے سازگار نظر نہیں آ رہے، کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر بڑے ملکوں کے بورڈز کو بھی اس فیصلے پر اعتراض نہیں ہوگا۔دوسری جانب آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے التواءکا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،رواں سال آسٹریلیا میں ہی انعقاد کیلئے تیاریاں جاری ہیں، بورڈ میٹنگ میں اس معاملے پر غور کرنے کے بعد فیصلہ مناسب وقت پرہوگا۔

مزید :

کھیل -