کیا سندھ کے ہسپتالوں میں کورو نا مریضوں کے لئے جگہ ختم ہو گئی؟سندھ حکومت نے حیران کن وضاحت دے دی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت سندھ نے صوبے کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی جگہ ختم ہونے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سول ہسپتال کراچی اوجھا کیمپس اور لیاری جنرل ہسپتال میں گنجائش موجود ہے،سندھ میں31 مئی تک لاک ڈاون پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہسپتالوں میں جگہ ختم ہونے کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس مریضوں کی تعداد تیزی سےبڑھ رہی ہے، کورونا کیسز کا تیزی سےبڑھنا خطرناک ہے، سول ہسپتال کراچی اوجھا کیمپس اور لیاری جنرل ہسپتال میں گنجائش موجود ہے۔چینی کمیشن رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا چینی انکوائری کمیٹی میں وزیر اعلیٰ سندھ کو ایک بار بھی نہیں بلایا گیا، انکوائری کمیٹی نے 2019 میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کی اور انکوائری رپورٹ مارچ 2020 میں جمع ہوئی،انکوائری کمیشن کی طرف سے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کو خط 11مئی کو موصول ہوا، وزیراعلیٰ نے انکوائری کمیشن کوجواب دیاکہ مجھے طلب کرنادائرہ کارمیں نہیں آتا،انکوائری کمیشن نے13مئی کودوبارہ وزیراعلیٰ کوخط لکھا، انکوائری کمیشن نے رپورٹ میں لکھاکہ ایکسپورٹ کی وجہ سے چینی کی قلت ہوئی اور قیمت بڑھی اور امپورٹ ایکسپورٹ کا اختیار تو وفاقی حکومت کا اختیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ چینی ایکسپورٹ کی اجازت وفاقی حکومت کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دی حالانکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پاس چینی کی ایکسپورٹ کا اختیار نہیں تھا،وفاقی وزارت تجارت نے 10 لاکھ ٹن چینی لاکھ ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی، فیصلہ ہوا کہ چینی ایکسپورٹ کےلیے کوئی سبسڈی نہیں دی جائےگی، وزارت تجارت نے دوبارہ سمری بھیجی کہ دو ارب روپے کا فریٹ سپورٹ دیا جائے، وزیراعظم عمران خان نے بطور انچارج وزیر تجارت فریٹ سپورٹ سمری کی منظوری دی،وزیراعظم کی اجازت سے 11 لاکھ ٹن چینی کی ایکسپورٹ ہوئی، وزیراعظم کی اجازت سے دو ارب روپے کی فریٹ سبسڈی دی گئی، انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ایکسپورٹ قیمت بڑھنے کی وجہ ہے تو کیا کمیشن نے وزیراعظم کو طلب کیا؟ کیا وزیراعظم قانون سےبالاتر ہیں؟۔
اس موقع پرطیارہ حادثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سند ھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی اجلاس کے حوالے سے پارلیمانی جماعتوں کے ساتھ ایس او پی پر اتفاق ہواہے، چاہتے ہیں کہ طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات ہو۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ میں31 مئی تک لاک ڈاون پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔