شہباز شریف او ر مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات آج ہوگی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف اور جمعیت علماءاسلام کے قائد مولانا فضل کے درمیان ملاقات آج ہوگی۔ ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہوگی جہاں شہباز شریف کو عشائیہ بھی دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق شہباز شریف کے ہمراہ ن لیگ کے سینئر رہنما بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا اور شہباز شریف پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو اتحاد میں دوبارہ شامل کرنے سے متعلق تجاویز بھی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں سے رابطوں سے بھی آگا ہ کریں گے اورحکومت کے خلاف تحریک سے متعلق نواز شریف کا پیغام بھی پہنچائیں گے۔پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے قبل ہونے والی اس ملاقات کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔