سلمان خان کے والد کی بیٹے کی فلم "رادھے" پر کڑی تنقید، آڑے ہاتھوں لے لیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے والد اور معروف لکھاری سلیم خان نے اپنے صاحبزادے کی نئی فلم "رادھے" پر کڑی تنقید کی ہے۔
ایک ہندی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں سلیم خان نے کہا کہ فلم رادھے کوئی بڑی فلم نہیں ہے۔ فلمی ناقدین رادھے اور دبنگ 3 کا موازنہ کر رہے ہیں حالانکہ دونوں ہی الگ فلمیں ہیں۔ سلمان خان کی فلم "بجرنگی بھائی جان" ایک اچھی فلم تھی۔
سلیم خان نے کہا کہ کمرشل سینما کا مقصد ہے کہ ہر کوئی پیسے کما سکے، یہی سائیل ہی کمرشل سینما کے چلتے رہنے کا سبب ہے۔ فلم رادھے میں کمرشل پہلو تو نکلتا ہے کہ اس سے لوگوں کو روزگار ملا ہے لیکن یہ کوئی اچھی فلم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے پاس اچھے لکھاری ختم ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ رائٹرز نے مطالعے کی عادت چھوڑ دی ہے۔ یہ لوگ ہندی یا اردو ادب پڑھتے ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے فلم زنجیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ایک فلم نے ہندی سینما کو ایک ٹریک پر چڑھا دیا تھا لیکن اس کے بعد آج تک بالی ووڈ کو سلیم جاوید کی کوئی نئی جوڑی نہیں مل سکی۔
خیال رہے کہ ماضی میں سلیم خان اور جاوید اختر کی جوڑی نے ہندی فلم انڈسٹری میں خوب شہرت حاصل کی تھی۔ دونوں نے ہی نہ صرف بلاک بسٹر فلمیں لکھیں بلکہ انڈسٹری میں لکھاریوں کی اہمیت کو بھی بڑھا دیا تھا۔