برنارڈ ارنالٹ ایک ہفتے میں تیسری بار دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

برنارڈ ارنالٹ ایک ہفتے میں تیسری بار دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے
برنارڈ ارنالٹ ایک ہفتے میں تیسری بار دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پیرس (ڈیلی پاکستان آن لائن) فرانس سے تعلق رکھنے والے فیشن برانڈ ایل وی ایم ایچ کے چیف برنارڈ ارنالٹ اور امریکہ کی کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس میں دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے "کھینچاتانی" جاری ہے۔ رواں ہفتے برنارڈ ارنالٹ تیسری بار دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

فوربز کے مطابق فیشن برانڈ ایل وی ایم ایچ کے شیئرز کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے باعث برنارڈ ارنالٹ کی دولت بڑھ کر 190.1 ارب ڈالر ہوگئی  اور وہ رواں ہفتے تیسری بار دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ۔ دوسری جانب ایمازون کے بانی جیف بیزوس کے اثاثوں کا تخمینہ 188.5 ارب ڈالر ہے جس کے باعث وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

رواں ہفتے کے دوران برنارڈ ارنالٹ اور جیف بیزوس کی دولت میں مجموعی طور پر سات ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ پیر کے روز برنارڈ ارنالٹ نے 186.3 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز حاصل کیا لیکن نیویارک میں ایمازون کے شیئرز بڑھ گئے جس کی وجہ سے چند گھنٹے بعد ہی جیف بیزوس دوبارہ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔

منگل کے روز بھی ایسا ہی ہوا۔ دن کے آغاز پر برنارڈ ارنالٹ دنیا کے امیر ترین شخص بنے لیکن دن کے اختتام پر جیف بیزوس دوبارہ اپنی پہلی پوزیشن واپس حاصل کرچکے تھے۔ برنارڈ ارنالٹ اور جیف بیزوس کے درمیان امیر ترین شخص کی دوڑ کا یہ کھیل 2019 سے جاری ہے۔ برنارڈ ارنالٹ کئی بار قلیل وقت کیلئے دنیا کے امیر ترین شخص بنتے ہیں لیکن تھوڑی ہی دیر بعد جیف بیزوس ان سے یہ اعزاز واپس چھین لیتے ہیں۔

مزید :

بزنس -