پی ٹی آئی کی سیاست نے معیشت کو خطرے میں ڈال دیا،عمران سعید
لاہور(سٹی رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے چیف آرگنائزر والڈ سٹی و چیئرمین ریڈی میڈ گارمنٹس عمران سعید مغل نے کہا ہے کہ لانگ مارچ دھرنے اور جلسوں کی سیاست سے پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو شدید خطرات لاحق کردیئے ہیں۔ ملکی معاشی ساکھ شدید کمزور ہوچکی ہے۔ تاجر دکاندار صنعتکار اور تجارتی مراکز صنعتیں بدترین معاشی بحران سے دوچار ہیں۔ تقریروں جلسوں سے معاشی اعشاریوں کو بلندیوں تک پہنچانے والی پی ٹی آئی نے ملکی معاشی صورتحال کو تباہی کے دہانے لا کھڑا کیا ۔ تاجرپی ٹی آئی کے طرز سیاست کا بھاری خمیازہ ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ملک کے کروڑوں عوام کی حالت زار پر رحم کرے۔ سنجیدہ اور دانشمندانہ طرز سیاست اختیار کرتے ہوئے ملکی معاشی ناو کو ڈبونے سے بچائیں۔ پاکستان مستحکم معاشی سماجی حالات میں ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔