قرآن مجید کی خطاطی کے عالمی مقابلے کا انعقاد خوش آئند،قدر ت اللہ

    قرآن مجید کی خطاطی کے عالمی مقابلے کا انعقاد خوش آئند،قدر ت اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر قدرت اللہ، چئیرمین سید احسن محمود شاہ اور سرپرست اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قرآن مجید کی خطاطی کے عالمی مقابلے کا انعقاد خوش آئند اور ایمان افروز قدم ہے، اس مقابلے کے انعقاد پر ہم خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور کنگ فہد ہولی قرآن کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔اس مبارک فیصلے سے قرآن مجید کی خطاطی کا معیار مزید خوبصورت ہوگا،خطاطی کا ذوق رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، ان کی صلاحیتوں کو نکھار ملے گا۔

، ان کے درمیان ہم آہنگی بڑھے گی اس طرح سے وہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ پاکستان کے خطاط کو بھی چاہئے کہ وہ اس مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،قرآن مجید کی خدمت کریں اور اپنے ملک کانام روشن کریں۔واضح رہے کہ خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ”مصحف الموسس“ کے عنوان سے ہونے والے خطاطی کے عالمی مقابلے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ مقابلہ سعودی وزارت تبلیغات اسلامی کی جانب سے ملک فہد پبلیکیشن کے تعاون کے ساتھ منعقد کیا جارہا ہے جس کا مقصد قرآنی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور ماہر خطاطوں کو سامنے لانا ہے۔قرآن مجید کے تقدس اور احترام کا تقاضہ ہے کہ اس کا دل وجان سے احترام کیا جائے اور خوبصورت کتابت کی جائے۔ خطاطی مسلمانوں کا تہذیبی وثقافتی ورثہ ہے قرآن مجید کے ساتھ تعلق کی وجہ سے یہ فن تقدس کاحامل ہے۔ پاکستان میں ناشران قرآن کے ادارے بھی کوشاں رہتے ہیں کہ کتاب اللہ کی خوبصورت ترین خطاطی کروائی جائے یہی وجہ ہے کہ قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن میں شامل اداروں کے شائع کردہ قرآن مجید سعودی عرب سمیت پورے عالم اسلام میں مقبول ہیں اور دلچسپی سے پڑھے جاتے ہیں۔