سٹیٹ لائف انشورنس کو فوت شدہ پالیسی ہولڈرز کے لواحقین کو ادائیگی کا حکم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کو فوت شدہ پالیسی ہولڈرز کے لواحقین کو 7لاکھ روپے ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق انشورنس کمپنی کی طرف سے انشورنس پالیسی لیتے وقت بیماری چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے لواحقین کو رقم دینے سے انکار کر دیا تھا۔
اس معاملے پر صدر مملکت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کسی کو لائف انشورنس پالیسی دیتے وقت اس میں بیماری کی موجودگی کو ثابت کرنا انشورنس کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ لائف بیماری کی موجودگی کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق متوفی اظہر حسین اور مظہر حسین نے بالترتیب 6لاکھ اور 1لاکھ روپے کی پالیسیاں خرید رکھی تھی۔
جب کمپنی کی طرف سے مذکورہ بالا عذر کی بنیاد پر اظہر حسین اور مظہر حسین کے لواحقین کو انشورنس کی رقم دینے سے انکار کیا تو انہوں نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا جہاں سے ان کے حق میں فیصلہ سنا دیا گیا۔ وفاقی محتسب نے حکم دیا کہ کمپنی لواحقین کو 30دن کے اندر رقم ادا کرے۔ تاہم انشورنس کمپنی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائرکر دی تھی تاہم صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی انشورنس کمپنی کی اپیل مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ کمپنی 30دن کے اندر حکم پر عملدرآمد کرے۔