کور کمانڈر ہاؤس میں آگ پٹرول سے نہیں کیمیکل سے لگائی گئی، خواجہ سعد رفیق کا دعویٰ

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہےکہ کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس )میں آگ پٹرول سے نہیں کیمیکل سے لگائی گئی، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے لاہور میں کورکمانڈر ہاؤس کے دورے کے دوران ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب جانتے ہیں یہ قائداعظم کا گھر اور کورکمانڈر ہاؤس ہے، تحریک انصاف کی ساری لیڈر شپ یہاں موجود تھی، اس کے باوجود تحریک انصاف کے شرپسندوں نے جناح ہاؤس کو جلایا اور اس کے تقدس کو پامال لیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں۔ دنیا کی کوئی قوم اپنی فوج کو شرمسار نہیں کرتی، کورکمانڈر اور ان کی اہلیہ سے بدتمیزی کی گئی، یہ کس طرح کے لوگ ہیں۔ ماضی میں کسی نے حساس تنصیبات پر حملے کا سوچا تک نہیں مگر تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 3 اطراف سے حملہ کیا۔ جو کام بھارت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان نہیں کر سکے وہ آپ نے کر دیا۔ یہ کارکنان نہیں دہشت گرد تھے۔