گاؤں والوں نے تیندوے کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون میں ایک تیندوے نے رہائشی علاقے میں داخل ہو کر ایک شخص کو زخمی کردیا جس کے بعد غصۓ میں بپھرے گاؤں والوں نے اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ڈویژنل فاریسٹ آفیسر پرشانت کمار سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعہ چین پور گاؤں میں پیش آیا۔ تقریباً تین سے چار سال کی عمر کی مادہ پر مبینہ طور پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کیا گیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ جانور نے ایک امیش داوڑ پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ کھیت کی طرف جا رہا تھا۔ اہلکار نے بتایا کہ اس شخص کے ہاتھ پر چوٹیں آئیں اور اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔ اس واقعے کے بعد گاؤں والوں نے تیندوے کو ڈھونڈا، اسے گھیر لیا، اور اسے مار مار کر ہلاک کر دیا۔