یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم پیکیج کیلئے بجٹ میں 85ارب مانگ لیے 

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم پیکیج کیلئے بجٹ میں 85ارب مانگ لیے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آ باد (آئی این پی) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم پیکیج کیلئے وفاقی بجٹ میں 85 ارب روپے مانگ لیے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے نئے مالی سال کیلئے ملکی تاریخ کاسب سے بڑا وزیراعظم پیکیج تجویزکر دیا، وزیر اعظم پیکیج کیلئے بجٹ میں 85 ارب روپے مانگے گئے ہیں۔ ان 85ارب میں سے آئندہ سال کے وزیر اعظم رمضان پیکیج کیلئے 12ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں، باقی 73ارب روپے آئندہ مالی سال کے 11ماہ کیلئے مانگے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال وزیر اعظم پیکیج کیلئے اوسط ماہانہ تقریبا 6 ارب 64کروڑ روپے مانگے گئے ہیں، حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز نے جتنے فنڈز مانگے ہیں اتنے منظور ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔ وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے لیے فنڈز سے متعلق تجاویز کو وزارت خزانہ حتمی شکل دے گی۔ نئے مالی سال میں وزیراعظم پیکیج کے تحت 5بنیادی اشیا پر سبسڈی جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)صارفین کے لیے چینی، آٹا، گھی، دالوں اور چاول پر سبسڈی کی تجویز ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پرموجودہ وزیر اعظم ریلیف پیکیج 30 جون 2024 کو ختم ہوجائے گا، اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کیلئے چینی کی قیمت 109روپے فی کلو مقرر ہے۔ حکام کے مطابق بی آئی ایس پی صارفین کیلئے آٹے کا 10کلو کا تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ گھی کی فی کلو قیمت 393 روپے مقرر ہے، اسی طرح صارفین کو دالوں اور چاول پر فی کلو 25 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔

پیکیج

مزید :

صفحہ آخر -