یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر میں آج یوم تکبیر منایا جارہا ہے. 26 برس قبل 28 مئی کو پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔

پڑوسی ملک کی دھمکیوں کے بعد پاکستان نے بھی ایٹمی دھماکوں کے تجربات کا فیصلہ کیا اور 28 مئی 1998 کو پاکستان کے سائنسدانوں نے بھارت کے 43 کلوٹن کے مقابلہ میں کلو ٹن قوت سے یکے بعد دیگرے 5 دھماکے کیے۔

28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔

ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو “یوم تکبیر” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ 1998 میں 3، 3 ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔

مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہو گیا۔

 وزیر اعظم نے آج یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا، تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا جس کے تحت تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے جبکہ تعلیمی اداروں اور بینکوں میں بھی چھٹی ہو گی، تعلیمی بورڈز میں آج شیڈول پرچے ملتوی کر دیئے گئے۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے ملکی سالمیت کیلئے فیصلہ کیا، ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئیں عہد کریں، 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شر پسندی کو ناکام بنائیں گے۔