جیکب آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )جیکب آباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا، کاروبار زندگی مفلوج، گرمی سے شہری پریشان۔
’’ آئی این پی‘‘ کے مطابق جیکب آباد میں سیپکو حکام کی جانب سے شدید گرمی میں بھی بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپننگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، شہر کے کئی فیڈرز پر غیر اعلانیہ 14 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں کئی کئی روز تک بجلی کی فراہمی معطل کردی جاتی ہے، شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور دوسرے شہروں سے آنے والی برف مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے.
شہریوں نے کہا ہے کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ٹرپننگ نے جینا محال کردیا ہے کاروبار مکمل ٹھپ ہوچکے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔