اداکارہ یمی گوتم فلم ” ٹوٹل سیاپا“ میں علی ظفر کے ساتھ جلوہ گرہونگی
ممبئی(این این آئی)بالی ووڈ اداکارہ یمی گوتم فلم ” ٹوٹل سیاپا“ میں پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہیں ،یمی گوتم نے بتایا کہ یہ انکی دوسری فلم ہے اس سے پہلے وہ فلم ” وکی ڈونر“ میں ہیروئن کے طور پر کام کر چکی ہیں ، انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ معیار کو ترجیح دیتی ہوں ۔ میں جانتی ہوں کہ ابھی اتنی مقبول نہیں لیکن نئی اداکارہ ہونے کی وجہ سے ہر فلم سوچ سمجھ کر کرتی ہوں تاکہ مجھ ایک جیسے کردار کرنے کی چھاپ نہ لگے ،اپنے ایک انٹرویو میں یمی گوتم نے کہا کہ جب مجھے فلم ”ٹوٹل سیاپا“ کی آفر ہوئی تو میں نے دیکھا کہ یہ کریکٹر تھوڑا مختلف ہے اس میں مجھے پنجابی لڑکی دکھایا گیا ہے جو پاکستانی لڑکے علی ظفر سے پیار کرتی ہے ، انہوںنے کہا کہ بالی ووڈ میں مقابلے کا دوڑ چل رہا ہے اور فلم کی کامیابی یا ناکامی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم میں اپنے کردار کے حوالے سے مطمئن ہوں اور اپنے کردار کو مضبوط بنانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہوں تاکہ مداحوں کو اچھے طریقے سے محظوظ کر سکوں ، یمی گوتم کا کہنا تھا کہ علی ظفر بہت اچھے اداکار ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کر رہی ہوں ، ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں زیادہ فلمیں کرنے سے کبھی مقبولیت نہیں ملتی سال میں ایک یا دوفلمیں کرتی ہوں تاکہ شہرت اور عزت برقرار رہے ، بعض اداکارائیں راتوں رات سپر اسٹار بننے کے خواب دیکھ رہی ہوتی ہیں اور میرے خیال میں کسی بھی مشہور اداکار کے پیچھے اس کی پوری زندگی ہوتی ہے کیونکہ انسان ساری زندگی سیکھنے کے عمل سے گزرتا ہے اور میں بھی ابھی سیکھنے کی پہلی سیڑھی پر ہوں ، یمی گوتم کا کہنا تھا کہ فلم ”ٹوٹل سیاپا“ کی کہانی دوسری فلموں سے بہت مختلف ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر بھرپور کامیابی حاصل کریگی فلم میں مرکزی کردار علی ظفر نبھا رہے ہیں ۔