یوتھ فیسٹیول کے انعقاد کےلئے تیاریاں آخر ی مراحل میں داخل ہو گئیں
لاہور( سپورٹس رپورٹر)یوتھ فیسٹیول 2013-14 کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں آخر ی مراحل میں داخل ہوگئیں۔ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور نے ایونٹ کے انعقاد کے دوران بہترین انتظامات کرنے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل سپورٹس افسران کو ٹیموں کی سلیکشن اور انتظامات کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سکولوں، کالجوں اور سپورٹس کلبز نے بھی یوتھ فیسٹیول کے لیے اپنی ٹیموں کی تیاری شروع کردی ہے۔ صوبائی دارالحکومت کے تمام بڑے سپورٹس گراﺅنڈز، سٹیڈیم کی بھی تزئین و آرائش کردی گئی ہے۔ یوتھ فیسٹول 2013-14 میں پچھلے یوتھ فیسٹول سے زیادہ بڑی تعداد میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد متوقع ہے۔پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔