سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم قبل ازوقت ریٹائرہوگئے
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) جنرل کیانی کے بعد سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی ہے ۔ عسکری ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اورچیف آف لاجسٹکس ہارون اسلم اپنے سے جونیئردونوں افسران کے ترقی پانے کی وجہ سے روایات کے مطابق قبل از وقت ریٹائرہوگئے ہیں اوراُنہوں نے اپنا استعفیٰ جی ایچ کیو سے وزارت دفاع میں ملٹری سیکرٹری کو بھجوادیاہے،اُن کے اعزازمیں الوداعی تقریب کی تیاری شروع کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ماضی میں بھی اپنے سے جونیئرافسران کے ترقی پاجانے کی وجہ سے سینئر افسراپنے جونیئر کے ماتحت کام نہیں کرتے اور اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجایاکرتے ہیں اور ہارون اسلم نے بھی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی۔ ہارون اسلم چیف آف لاجسٹکس تھے ۔روزنامہ پاکستان نے گذشتہ روز ہی پیشن گوئی کردی تھی ۔