بجلی اور گیس کے نرخ کم اور ان کی دستیابی یقینی بنانا بے حد ضروری ہے:میاں انجم نثار

بجلی اور گیس کے نرخ کم اور ان کی دستیابی یقینی بنانا بے حد ضروری ہے:میاں انجم ...

  

 لاہور(کامرس رپورٹر)صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے اور برآمدات بڑ ھانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے علاوہ بجلی اور گیس کے نرخ کم اور ان کی دستیابی یقینی بنانا بے حد ضروری ہے۔الیکشن کے بعد فیڈریشن کے ایجنڈے کا اہم ترین حصہ بجلی گیس کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز تر کرانا ہوگا ۔فیڈریشن پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدارتی امیدوار میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف اندرون ملک دینا حکومت کا خوش آئند اقدام ہے صنعتی شعبے اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ بجلی کے فی یونٹ میں 47 پیسے کی کمی موجودہ حالات میں بہت کم ہے ،پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت بجلی کے نرخوں میں مزیدکمی کرے ۔میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود حکومت بجلی چوری کا سدبات نہیں کر سکی انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کوئی کرتاہے اور اس کا بوجھ صاف ستھرے صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ لائن لاسز کے نام پر بھی اصل میں چوری ہوتی ہے ۔فیڈریشن کے صدارتی امیدوار نے کہا ہے کہ آبی ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی دیگر تمام ذرائع سے سستی ہے ۔ہمارے پاس آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور بعض دوسرے مقامات پر آبی ذرائع سے وافر بجلی بنانے کی بہت بڑی گنجاءِش ہے بشرطیکہ حکومت پوری یکسوئی سے اس پر کام کرے ۔ میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ گیس اندرون ملک سے حاصل ہوتی ہے البتہ اس کی تلاش کی رفتار خاصی سست ہے ۔ ایران کے ساتھ گیس لینے کا معاہدہ ضرور موجود ہے لیکن اس میں بار بار مختلف قسم کی رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں انہیں دور کر دیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس سستے داموں وافر مقدار میں ملنے لگیں تو دنوں میں معاشی انقلاب برپا ہو سکتا ہے ۔ میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد فیڈریشن کی سطح پر صنعتوں کے لیے بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ بھرپور طریقے سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے بھی فیڈریشن کی اجتماعی دانش اور طاقت استعمال کی جائے گی ۔

مزید :

کامرس -