امن و امان کی خراب صورتحال پر راولپنڈی چیمبر کا تشویش کا اظہار، وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

امن و امان کی خراب صورتحال پر راولپنڈی چیمبر کا تشویش کا اظہار، وزیر اعلیٰ سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید اسد مشہدی نے کہا کہ شہر میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں موصول ہو رہی ہیں جس سے کاروباری برادری میں شدید اضطراب پایا جا تا ہے ،انتظامیہ کی طرف سے گزشتہ تمام رجسٹرڈ کیسوں کو حل کرنے کے بعد بھتے کا یہ نیا سلسلہ پریشانی کا باعث ہے اوراسکے ساتھ ساتھ شہر میں اغواء برائے تاوان ، دن دیہاڑے ڈکیتیوں ،چوری ، رہزنی اور قتل جیسی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں جس کا نشانہ کاروباری برادری بن رہی ہے ،راولپنڈی چیمبر آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو کراچی جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں تاجروں و صنعتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پر سابق صدر نجم ریحان، نائب صدر صبور ملک،فیاض قریشی، اراکین مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔سید اسد مشہدی نے کہا کہ شہر میں بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کی وارداتیں لمحہ فکریہ ہیں ،سیکورٹی کیمروں اور گارڈز کے ہوتے ہوئے بھی نہ کوئی ڈاکو پکڑا جا سکا اور نہ ہی وارداتوں میں کمی لائی جا سکی ہے۔ گھروں اور کاروباری مراکز میں ڈکیتیاں روز کا معمول بن چکی ہیں ۔ اگر حالات یہی رہے تو یہ لہر پنجاب اور دوسرے شہروں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بیرونی سرمایہ کار ملک میں انوسٹمنٹ کو تیار نہیں اور مقامی تاجر و صنعت کا ربرادری اپنے کاروباروں کو بیرونی ممالک شفٹ کر رہی ہے۔صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی وارداتوں سے کاروباری طبقہ پریشانی کا شکار ہے،شہر کے سکون کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر حکومت نے سخت ایکشن نہ لیا تو حالات مزید خراب بھی ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر تمام تاجر تنظیموں سے رابطہ میں ہے اور جلد ہی مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں مشاورت سے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جا ئے گا۔

مزید :

کامرس -