چیمبرزصنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں میاں انجم نثار کو سپورٹ کریں:سیدمحمودغزنوی

چیمبرزصنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں میاں انجم نثار کو سپورٹ ...

  

 لاہور(کامرس رپورٹر)قطار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدارتی انتخابات میں پیاف کے سابق چیئرمین اور لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے سابق صدر میاں انجم نثار کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنوں پر زور دیا ہے کہ وہ صنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں میاں انجم نثار کو سپورٹ کریں۔ صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے سید محمود غزنوی نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اصلاحات اشد ضروری ہوگئی ہیں اور اس کے لیے میاں انجم نثار سے بہتر اور کوئی شخصیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں انجم نثار اور اْن کے بھائیوں کا ٹاپ ٹین ٹیکس دہندگان کی صف میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے قومی فرائض بڑی ایمانداری اور احسن طریقے سے ادا کررہے ہیں جبکہ ہر کڑے وقت میں انہوں نے نہ صرف صنعتکاروں بلکہ چھوٹے تاجروں کا بھی بھرپور ساتھ دیا ہے۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ پیاف کے سابق چیئرمین اور لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے سابق صدر صنعت و تجارت کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں حل کرانے کی صلاحتیں رکھتے ہیں لہذا یہ ضروری ہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری جیسے اہم ادارے کی سربراہی اْن کے ہاتھ میں ہو جو اسے حقیقی معنوں میں تاجر برادری کا نمائندہ ادارہ بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قطار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صنعتکار ہم آواز ہوکر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدارتی انتخابات میں میاں انجم نثار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اْن کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے ایوان ہائے صنعت و تجارت اور صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز کو زور دیا کہ وہ صنعت و تجارت اور معیشت کے وسیع تر مفاد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں انجم نثار کی بھرپور حمایت کریں۔

مزید :

کامرس -