داعش کا وجود؟
کراچی اور خیبرپختونخوا میں داعش کی طرف سے اشتہار بازی کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں حتیٰ کہ لاہور میں دیواروں پر لکھے گئے نعروں کی وجہ سے انتظامیہ میں تشویش پائی جاتی ہے اور وزیراعلیٰ کی سخت ہدایت کے بعد ایسے لوگوں کی تلاش شروع کر دی گئی، جو یہ کام کر رہے ہیں، کیونکہ حکومت کی اب تک کی اطلاع کے مطابق تاحال پاکستان میں داعش کا وجود نہیں۔ یہ کوئی دوسرے گروپ ہیں، جو داعش کا نام استعمال کر کے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایک خبر یہ بھی شائع ہوئی ہے کہ لاہور پولیس نے سٹکر لگانے والے تین نوجوان گرفتار کئے ہیں، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جو عرصہ سے خلافت کے نظام کا پرچار کر رہی ہے۔ اب شاید ان کو داعش کی صورت میں خلافت نظر آئی ہے اور وہ از خود اس کے رضا کار بن گئے ہیں۔حکومت اور انتظامیہ کی کوشش اور کاوش اپنی جگہ، لیکن ایسے لوگوں کی تلاش اور ان کا مکمل خاتمہ وقت کی ضرورت ہے، ورنہ معاشرے میں مزید فساد پھیلے گا۔ گرفتاریوں اور اعتراف سے اندازہ ہوتا ہے کہ کچھ لوگ باقاعدہ کوشش کر رہے ہیں اور ان سے کیا بعید کہ داعش سے رابطے کے بعد یہ تنظیم کے ساتھ باقاعدہ طور پر مل جائیں اور یہاں بھی مسئلہ بنے، اس لئے بہتر یہ ہے کہ ابھی سے کوشش کر کے ایسے حضرات کو تلاش کرنا چاہئے۔