عمر کو بآسانی 120 سال تک کرنے والی گولی تیار
ماسکو (نیوز ڈیسک) انسان ہمیشہ سے لمبی عمر کا خواب دیکھتا رہا ہے اور اس کیلئے پیچیدہ ترین محلول اور کیمیکل بھی ایجاد کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے، مگر ایک روسی سائنسدان نے اس کا حل ایک گولی کی صورت میں نکال لیا ہے۔ ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی کے تحقیق کار ڈاکٹر میکسم سکولا شیو نے ایک ایسا اینٹی آکسیڈنٹ دریافت کیا ہے جو خلیوں کے مائیٹو کانڈریا پر اثر انداز ہوکر انسانی عمر کو بآسانی 120 سال تک کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خلیوں کے مائیٹو کانڈریا میں الزائمر اور کینسر جیسی بیماریوں اور بڑھاپہ پیدا کرنے والی کیفیات کا آغاز ہوتا ہے اور ان کا دریافت کردہ اینٹی آکسیڈنٹ ان کیفیات کے آغاز میں تاخیر پیدا کرتا ہے جس کے نتیجے میں بڑھاپا دیر سے آتا ہے۔ چوہوں اور کتوں پر کئے جانے والے ابتدائی تجربات کامیاب ہوچکے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ جلد یہ گولی انسانوں کیلئے بھی دستیاب ہوجائے گی۔