اہم ترین ہتھیار راکٹ اورمیزائل ٹیکنالوجی کا بانی ٹیپو سلطان تھا

اہم ترین ہتھیار راکٹ اورمیزائل ٹیکنالوجی کا بانی ٹیپو سلطان تھا
 اہم ترین ہتھیار راکٹ اورمیزائل ٹیکنالوجی کا بانی ٹیپو سلطان تھا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نیوز ڈیسک) آج مغربی دنیا مسلمانوں کو پسماندہ قوم قرار دے رہی ہے لیکن ایک وقت تھا کہ جدید سائنس کی بنیاد مسلمان محققین رکھ رہے تھے اور خصوصاً طب، کیمسٹری اور فزکس جیسے تجرباتی مضامنی کیلئے تو ان کی خدمات بے پناہ ہیں جنہیں دیانتدار تاریخ دان آج بھی سلام پیش کرتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جدید دور کی جنگوں میں استعمال ہونے والے اہم ترین ہتھیار راکٹ اور میزائل کی ایجاد بھی ایک نامور مسلمان جرنیل نے کی جس کا اب عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے۔شیر میسور ٹیپو سلطان کا نام بہادری اور جرات کی مثال کے طور پر مشہور رہے لیکن ان کا ایک اور تعارف یہ بھی ہے کہ ان کی فوج نے دنیا کی تاریخ میں پہلی دفعہ بارود سے چلنے والا راکٹ استعمال کیا جس نے انگریز فوج کے چھکے چھڑا دئیے۔ان راکٹوں کی بنیاد ٹیپو سلطان کے والد حیدر علی کے دور اقتدار میں رکھی گئی لیکن ٹیپو سلطان نے انہیں دنیا کا خطرناک ترین ہتھیار بنادیا۔اٹھارہویں صدی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی افواج ہندوستان کو روندتی چلی جارہی تھیں لیکن جب ان کا مقابلہ ریاست میسور کی افواج سے ہوا تو ان کے ہوش ٹھکانے آگئے۔ریاست میسور اور برطانوی افواج میں ہونے والی دوسری جنگ میں کرنل ولیم بیلی کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اس کی فوج پر آسمان سے کیا قیامت برس رہی ہے۔ تاریخ دان کہتے ہیں کہ میسوری فوج کے راکٹوں نے انگریزی فوج کے اسلحہ خانوں کو اڑا کر رکھ دیا اور جنگ میں ڈھیروں وسائل اور کثیر تعداد کے باوجود ریاست برطانیہ کو شرمناک شکست ہوئی۔ اس کے بعد میسور کی تیسری جنگ میں بھی ان راکٹوں کا شاندار استعمال کیا گیا۔ یہ وہ دور تھا جب برطانیہ اور یورپ میں ہلکے پھلکے راکٹ بنائے جاتے تھے جن کا خول گتے یا لکڑی کا ہوتا تھا جس کی وجہ سے یہ بہت کم طاقت کے حامل تھے۔ اس کے برعکس ٹیپو سلطان کے راکٹوں کا خول لوہے سے بنایا جاتا تھا اور ان میں زیادہ بارود بھرا جاتا تھا۔ ان کے ساتھ تلواروں جیسے تیز دھار بلیڈ بھی لگائے جاتے تھے اور ان کی سب سے اہم خوبی یہ تھی کہ یہ دو کلومیٹر کے فیصلے تک عین نشانے پر لگتے تھے۔ انہیں چلانے کیلئے فوجیوں کو خصوصی تربیت دی جاتی تھی اور علیحدہ سے راکٹ بریگیڈ قائم کی گئی تھی جس کے پاس پہیوں والے راکٹ لانچر بھی ہوتے تھے۔ یہ لانچر بیک وقت درجن بھر راکٹ چلاتے تھے جو دشمن کی افواج پر گرتے وقت گھومنا شروع کردیتے تھے اور یوں درجنوں فوجیوں کو لمحوں میں کاٹ کر رکھ دیتے تھے۔ فوجی راکٹ چلانے سے پہلے اس کے وزن اور ٹارگٹ کے فاصلے کی بنیاد پر اسے چھوڑنے کے زاویے کا یقین کرتے تھے اور ان کی تربیت اتنی اعلیٰ تھی کہ راکٹ عین نشانے پر گرتے تھے ٹیپو سلطان کے راکٹوں کی عالمی سطح پر پذیرائی کے بعد اب بھارتی ریاست کرناٹکا میں واقع ان کے سرنگا پٹم قلعے کو راکٹ میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں دنیا کے پہلے راکٹوں سے لے کر آج کے جدید میزائل تک کی جنگی ٹیکنالوجی کو رکھا جائے گا تاکہ عظیم مسلمان جرنیل کو ان کے شایان شان خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔جب انگریز فوج نے 4مئی 1799ءکو میسور پر قبضہ کیا تو وہ ٹیپو سلطان کی فوج کا بارود خانہ دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ انہوں نے اس طرح کے راکٹ پہلے کبھی نہیں دیکھے تھے۔ انگریز جرنیل ڈیوک آف ویلنگٹن ولزلی نے فوراً سے پہلے یہ راکٹ برطانیہ پہنچائے جہاں ان پر مزید تحقیق کی گئی اور برطانوی افواج کو جدید راکٹ ملے۔ یہ بات بھی لائق تحسین ہے کہ جدید میزائل ٹیکنالوجی بھی اسی راکٹ کے مرہون منت ممکن ہوئی۔

مزید :

علاقائی -