پیپلز پارٹی یوم تاسیس تقریبات میں بلاول بھٹو شرکت نہیں کرینگے،منظور وٹو

پیپلز پارٹی یوم تاسیس تقریبات میں بلاول بھٹو شرکت نہیں کرینگے،منظور وٹو

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے آرگنائزنگ کمیٹیز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہاں بتایا کہ حسب پروگرام 30 نومبر کو یوم تاسیس کی تقریبات میں سنٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب سے مندوبین شریک ہونگے جبکہ 2 دسمبر کو صوبہ سندھ، بلوچستان، کے پی کے، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مندوبین بلاول ہاؤس لاہور میں یوم تاسیس کی تقریبات میں شریک ہونگے۔ ان دونوں دنوں کی یوم تاسیس کی تقریبات کی صدارت آصف علی زرداری کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ چےئرمین بلاول بھٹو بعض وجوہات کی بناء پر یوم تاسیس کی تقریبات میں شریک نہیں ہو سکیں گے لیکن وہ بعد میں لاہور تشریف لائیں گے اور یہاں اپنے لمبے قیام کے دوران سیاست کریں گے اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔اس اجلاس میں بتایا گیا کہ سار ے شہر لاہور کو شایان شان طریقے سے ہورڈنگز ، سٹیمرز ، بینرز، فلیکسز اور پارٹی کے جھنڈوں کے ساتھ سجایا جا رہا ہے ، جس سے شہر لاہور پیپلزپارٹی کا شہر نظر آئے گا۔ ایک شٹل سروس بلاول ہاؤس سے لاہور پریس کلب کے درمیان چلائی جائے گی تاکہ صحافی باآسانی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہو سکیں۔اجلاس میں جن عہدیداران نے شرکت کی ، ان میں سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ، حاجی عزیزالرحمن چن، نواب شیر وسیر، غلام فرید کاٹھیا، سہیل ملک، آصف ناگرہ، فائزہ ملک (ایم پی اے)، میاں عبدالوحید، چوہدری اعجاز، رانا گل ناصر، منظور مانیکا، عابد صدیقی، مولانا یوسف اعوان، ناصر جاوید، راجہ عامر، چوہدری اسلم گل، ڈاکٹر خیام، افنان بٹ، عبدالقادر شاہین اور ناصر جاوید شامل تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -