لاہورہائیکورٹ ، 2گھنٹے کی مہلت لے کر غائب ہونے والے ایس ایچ او کو گرفتار کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے 2گھنٹے کی مہلت لے کر غائب ہونے والے ایس ایچ او فیصل ٹاﺅن طارق ظفر کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی ہے کہ ایس ایچ او کوآج28نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ نے یہ کارروائی شہری یونس پرویز کی طرف سے دائردرخواست پر کی، درخواست گزار کے وکیل افضال بخاری نے موقف اختیار کیا کہ سیشن عدالت نے ایس ایچ او فیصل ٹاﺅن کو بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے اورسیئر رانا ریاض کے خلاف 7لاکھ کی رقم ادا نہ کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا لہذا ہائیکورٹ مقدمہ درج کرنے کا حکم دے، ایس ایچ او نے استدعا کی کہ انہیں 2 گھنٹے کیلئے مہلت دی جائے ، مقدمہ درج کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جائے گی ، عدالتی وقفے کے بعد عدالت نے شہری کی درخواست پر دوبارہ کارروائی شروع کی تو بار بار طلب کر نے کے باوجود ایس ایچ او عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے سی سی پی او لاہور کو حکم دیا کہ ایس ایچ او فیصل ٹاﺅن طارق ظفر کو گرفتار کر کے 28نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔