میرٹ پر مقدمات کا اندراج نہ کرنے والے افسروں کیخلاف کاروائی ہو گی ڈی جی ایف آئی اے

میرٹ پر مقدمات کا اندراج نہ کرنے والے افسروں کیخلاف کاروائی ہو گی ڈی جی ایف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                 لاہور(زاہد علی خان)نئے ڈی جی ایف آئی اے محمد اکبر خان ہوتی نے کہا ہے کہ میرٹ پر مقدمات کا اندراج اور ملزموں کی گرفتاری نہ کرنے والے افسروں کیخلاف کارروائی ہو گی اور جو افسرجرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کریں گے انہیں محکمے سے نکال دی جائے گا۔روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اس کے خاتمے کےلئے تمام افسران کو باہمی یگانگت سے کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ این آئی سی ایل سمیت تمام اہم مقدمات کی سماعت شروع ہو رہی ہے اور کچھ کے فیصلے بھی کر لئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث جو بڑے بڑے مگر مچھ بیرون ملک روپوش ہیں ان کی گرفتاری کےلئے ٹیمیں بیرون ممالک بھجوائی جا رہی ہیں اور جلد انہیں گرفتار کر کے پاکستان لایا جائے گا اور ان کیخلاف کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کسی بااثر شخص کو خاطر میں نہ لایا جائے اور جو شخص اس میں ملوث ہے اس کیخلاف قانون کیمطابق کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ،بنک کرپشن اور دیگر ایسے جرائم کے علاوہ سب سے بڑا مسئلہ سائبر کرائم بھی ہے جس کی روک تھام اور ملزموں کو گرفتار کرنا ہماری ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلر ارب پتی ہو گئے ہیں مگر انہیں گرفتار کرنے کی بجائے آپس میں معاملات طے کر لیے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران کی جلد ہی میٹنگ بلائیں گے جس میں وہ اپنی ترجیحات کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی میں بڑے کامیاب اور ایماندار افسر بھی ہیں جن کی وجہ سے ایف آئی اے ایک اہم ادارہ کہلاتا ہے۔
 ڈی جی ایف آئی اے





مزید :

صفحہ آخر -