عمران خان کو میٹروبس پر تنقید زیب نہیں دیتی،زعیم قادری
لاہور(اے این این)پنجاب اسمبلی کے رکن زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ چارٹرطیارے پر سفر کرنے والے عمران خان عوامی میٹروبس کی اہمیت کیا جانیں؟ خان صاحب کبھی میٹروبس پر سفر کریں تو انہیں عوام کو میسر سہولت کا اندازہ ہو۔پرآسائش گاڑیوں پر سفر کرنے والوں کو میٹروبس پر تنقید زیب نہیں دیتی جو خود بھی خیبرپختونخوا میں میٹروبس پراجیکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں۔سید زعیم حسین قادری نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی جادو کی چھڑی گھما کر خیبرپختونخوا کے حالات درست کیوں نہیں کردیتے ۔انہوں نے کہا کہ پنجا ب میں تعلیم اور صحت کا بجٹ صوبہ خیبرپختونخوا سے زیادہ ہے اور سب سے آبادی ہونے کے باوجود پنجاب میں تعلیم اور صحت کی صورتحال باقی صوبوں کی نسبت بہتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیلاب میں ڈوب رہا تھا اور عمران خان دھرنے میں شام موسیقی منا رہے تھے۔قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ سرگودھا میں تحریک انصاف کے عہدیداروں کو جعلی ادویات بیچنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ اعجاز چوہدری اپنی قیادت کی طرح جھوٹے الزامات سے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں عوا م نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اصل چہرے پہچان لئے ہیں اس لئے وہ ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔