عمران خان کا انصاف کیلئے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ مثبت اشارہ ہے ،پرویز رشید

عمران خان کا انصاف کیلئے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ مثبت اشارہ ہے ،پرویز رشید

  

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ شکایات کے ازالہ کیلئے فتنہ و فساد کا راستہ چھوڑ کر عدالتوں اور ٹربیونلز کا راستہ اختیار کرنے کے عمران خان کے فیصلے کوخوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اس سے یوٹرن نہیں لیں گے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ فیصلہ کہ وہ عدالتوں سے رجوع کریں گے ایک مثبت تبدیلی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک تہذیب یافتہ ملک ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں ‘ عدالتوں کے اندر ہمیں اس بات کا موقع ملے گا کہ عمران خان کی غلط باتوں کا جواب دیں ‘ کینیٹر پر کھڑے ہو کر جو وہ الزام لگاتے ہیں ہم ان کا جواب نہیں دے سکتے ان کے الزامات کا جواب دینے کا ہمیں عدالت میں پورا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ ایک مثبت اشارہ ہے تاہم عمران خان کو پارلیمنٹ میں بھی آنا چاہیے کیونکہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ ہی ہے جس نے آئین دیا اور متعدد قانون بنائے ۔ اگر عمران خان کے تجویز کردہ قوانین قابل عمل اور منطقی ہوں گے تو پارلیمنٹ وہ قوانین ضرور منظور کرے گی اور تمام سیاسی جماعتیں اس کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ چاہتے ہیں کہ وہ جو بھی الزام لگائیں وہ بغیر حیل وحجت مان لئے جائیں، اور اگر کوئی ان الزامات کا جواب دینے کی کوشش کرتا ہے تو عمران خان اس کے خلاف غیر پارلیمانی زبان کا استعمال شروع کر دیتا ہے۔وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر کیلئے جس طرح کی زبان استعمال کی گئی وہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری پر بھی لگائے تھے۔ عمران خان نے صحافیوں پر بھی الزامات لگائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں برداشت پر مبنی سیاسی کلچر کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وی آئی پی کلچر کیخلاف باتیں کر رہے ہیں جبکہ ان کے دائیں طرف کھڑا ہونے والا شخص وی وی آئی پی کلچر کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص ایک پیر اور ملک کے ایک بڑے مزار کا سجادہ نشین ہے اور لوگ جھک کر ان کے گھٹنوں کو ہاتھ لگاتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -