کیمرون سے چالان کیے جانے کے منصوبے کا جلد از جلد آغاز کیا جائے ، رانا مقبول احمد

کیمرون سے چالان کیے جانے کے منصوبے کا جلد از جلد آغاز کیا جائے ، رانا مقبول ...

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور سابق آئی جی رانا مقبول احمد نے کہا ہے کہ لاہور کی شاہراہوں پر اس کی گنجائش سے زیادہ ٹریفک ہے اور 2050تک 15کروڑگاڑیاں لاہور کی شاہراہوں پر دوڑتی دکھائی دیں گی جبکہ آئی جی پنجاب پولیس نے ٹریفک وارڈنز کو خوشخبری سنائی ہے کہ ان کی پروموشن کی سمری بھجوائی جاچکی ہے اور انہیں جلد ہی ترقی ملنے والی ہے ۔گزشتہ روز کابینہ کمیٹی برائے ٹریفک اصلاحات کی صدارت کرتے ہوئے رانا مقبول احمد نے مزید کہا کہ لاہور میں کیمروں کے ذریعے چالان کیے جانے کے پائلٹ منصوبے کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ٹریفک قوانین سے آگاہی اور عوام کی تربیت کی اشدضرورت ہے اور ٹریفک پولیس پر عوام کے اعتماد میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔کابینہ کمیٹی برائے ٹریفک ریفامرز کے اجلاس میں آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا، سینئر ممبر ایس ایم یوسلمان صوفی، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سیکرٹری قانون، چیرمین پی آئی ٹی بی ،سی سی پی او لاہور اور سی ٹی او لاہور نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں رانا مقبول احمد کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کیلئے ہیلمٹ، میگا فون اورلاؤڈسپیکر کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ انہیں تحفت ہیلمٹ دیے جائیں اور ٹریفک پولیس اور عوام کے مابین تعلق اور اعتماد کے اضافے کیلے اقداما ت کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ٹریفک ریفامرز جلد متعارف کروائے جائیں گے۔آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا نے اجلاس کو بتایا کہ ٹریفک وارڈنز کی پروموشن کی سمری بھجوائی جا چکی ہے اور جلد ہی انہیں ترقی دے دی جائے گی۔ سلمان صوفی نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں وارڈنز کو کیمرے چلانے اور بہترین نتائج لینے کی تربیت دی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں شاہراہوں پر آج سے ہی تبدیلی نمایاں ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں 1000ہیلمٹ تقسیم کیے جاچکے ہیں اور یہ پروگرام جاری رہے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -