تحریک انصاف نے اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے متعلق اعداد و شمار پیش کر دیئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2013ءمیں دھاندلی اور اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے متعلق اعداد و شمار پیش کر دیئے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے لاہور کے حلقے میں کھلی دھاندلی کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعارف علوی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دھاندلی میں حکومت خود ملوث ہے جو قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے، انصاف نہ ملنے پر سڑکوں پر آنا پڑا، ملک میں کیا ہو رہا ہے، عوام کو معلوم ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق 61 فیصد ڈیٹا عوام کے سامنے پیش کر رہا ہوں جس میں اضافی بیلٹ پیپرز چھاپنے کا ڈیٹا بھی شامل ہیں۔ عارف علوی نے بتایا کہ راولپنڈی میں 71 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جبکہ این اے 101 میں 63 ہزار سے زائد اور این اے 121 میں 172 اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حلقے میں 71 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے لیکن اس کے باوجود انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اضافی بیلٹ پیپرز چھاپنے کی ادائیگی کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی اور اضافی بیلٹ پیپرز سے متعلق تمام ثبوت اپنے پاس رکھیں گے اور صحافیوں کو صرف ڈیٹا دیا جائے گا۔