اس طرح کا اے ٹی ایم آپ کو ہرگز استعمال نہیں کرنا چاہیے، اس سے کس طرح چور آپ کو کنگال کرسکتے ہیں؟ جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے
لندن (نیوز ڈیسک) اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالتے وقت یقینا کبھی آپ کے دل میں یہ خیال بھی نہیں آیا ہوگا کہ ایک انتہائی ننھا سا کیمرہ آپ کے پن کوڈ کی تصویر لے رہا ہے یا ویڈیو بنارہا ہے، اور آپ کی یہ انتہائی ذاتی نوعیت کی معلومات کسی ہیکر یا فراڈئیے کے پاس جانے والی ہیں۔
برطانوی پولیس نے اس نئے قسم کے فراڈ کا سراغ لگانے کے بعد اے ٹی ایم صارفین کو خبردار کردیا ہے کہ ہیکر اور جعلساز اے ٹی ایم مشینوں کے کی پیڈ کے قریب ایک اتنا چھوٹا کیمرہ نصب کرتے ہیں کہ جسے آسانی سے دیکھنا ممکن نہیں۔ یہ کیمرہ عام طور پر ایسی شکل میں تیار کیا جاتا ہے کہ بظاہر یہ اے ٹی ایم کا حصہ ہی معلوم ہوتا ہے۔
مزید جانئے: سعودی عرب جانے کی خواہش رکھنے والوں کے لئے انتہائی تشویشناک خبر، حکومت نے نئی شرط عائد کردی
برطانوی پولیس نے حال ہی میں مانچسٹر شہر میں متعدد مشینوں پر لگائے گئے اس قسم کے کیمروں کا سراغ لگایا، جبکہ یہ بھی معلوم ہوا کہ مشین کی کارڈ سلاٹ (جس جگہ اے ٹی ایم کارڈ ڈالا جاتا ہے) کے اوپر ایک اور مشکوک کارڈ سلاٹ لگائی گئی تھی، جو کارڈ پرموجود حساس نوعیت کا ڈیٹا ریڈ کرلیتی ہے۔
اے ٹی ایم فراڈ پر تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکر ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے کسٹمر کا اکاﺅنٹ خالی کرسکتے ہیں، جبکہ کسٹمر کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا کہ اس کی پرائیویٹ معلومات چوری ہو چکی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خاص طور پر رات کے وقت اے ٹی ایم استعمال کرنے والوں کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے کیونکہ اس قسم کا فراڈ رات کے اوقات میں زیادہ کیا جا رہا ہے۔